حیدرآباد: ریل گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، تین افراد جاں بحق


حیدرآباد: صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں ایک ہی ٹریک پر چلنے والی دو ریل گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکراگئی جس کے بعد ٹرین کے انجن میں آگ لگ گئی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مطابق واقعے میں ریل گاڑی کے اسسٹنٹ ڈرائیور اور ڈرائیور جاں بحق ہوئے ہیں تاہم کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات کے بعد ایک گھنٹے بعد بریفنگ دی جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ حیدرآباد سے باہر سگنل کراسنگ پر حادثہ پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ مزید افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔

حادثے کے نتیجے میں دونوں ریل گاڑیوں کی متعدد بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔

حادثے کا شکار ہونے والی جناح ایکسپریس میں 576 مسافر تھے جکہ اس میں 648 مسافروں کی گنجائش ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں ریل گاڑی کے حادثے پر  اظہار ِافسوس کرتے ہوئے کمشنر  حیدرآباد  کو مسافروں کی ہر طرح کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہد نے کہا کہ اگر کوئی مسافر زخمی ہے تو فوری اسپتال  منتقل کیا جائے۔

انہوں نے اسپتال میں ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 


متعلقہ خبریں