وزیر اعظم جلد قوم سے دوبارہ خطاب کریں گے



اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اہم قومی معاملات پر قوم سے ایک اور خطاب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم قومی معاملات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ اُن کا خطاب سرکاری ٹی وی سے ہی نشر کیا جائے گا جس کا دورانیہ 7 سے 8 منٹ تک کا ہو سکتا ہے۔

وزیر اعظم کے خطاب کا وقت ابھی طے نہیں ہوا تاہم آئندہ 48 گھنٹے میں قوم سے خطاب متوقع ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اپنے خطاب میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے اہم نکات پر بھی بات کریں گے۔

اس سے قبل 10 جون کو بھی وزیر اعظم نے قوم سے اہم خطاب کیا تھا جس میں 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پھر موقع نہیں ملے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب روپے سے 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا اور ٹیکس ادائیگی کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی، پاکستانی قوم سب سے کم ٹیکس اور سب سے زیادہ خیرات دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم عمران خان کا بھارتی ہم منصب کو خط

عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام افراد 30 جون تک اپنے بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی ظاہر کر دیں پھر اس کے بعد ان کو موقع نہیں ملے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سالانہ 4 ہزار ارب روپے ٹیکس جمع کرتی ہے جس میں سے 2 ہزار ارب روپے قرضوں کی مد میں چلا جاتا ہے جبکہ 2 ہزار ارب روپے میں پاکستان اپنے خرچے پورے نہیں کر سکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام ایمنسٹی اسکیم کا فائندہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کا اور ملک کا مستقبل ٹھیک کریں۔ ہمیں موقع دیں کہ قوم کو پیروں پر کھڑا کریں اور لوگوں کو غربت سے نکالیں۔


متعلقہ خبریں