نظر بندی کیس کی پیروی خود کرنا چاہتا ہوں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

نظر بندی کیس کی پیروی خود کرنا چاہتا ہوں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

فائل فوٹو


لاہور: قومی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے نظر بندی اور نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف کیس میں دائر متفرق درخواست میں کہا ہے کہ وہ مقدمے کی پیروی خود کرنا چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد شمیم نے درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

درخواست گزار کی طرف سے چوہدری مدثر ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے 25 جون 2019 کو وفاقی حکومت اور حکمت عملی تیار کرنے والی ڈویژن( اسٹریٹیجک پلانگ ڈویژن) سے جواب طلب کرلیا ہے۔

ایڈووکیٹ مدثر چودھری کی وساطت سے دائر درخواست میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ وہ خود عدالت کے روبرو پیش ہونا چاہتے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق انہیں حکومت نے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے اور نقل وحرکت کی اجازت نہیں دی جارہی۔ انہوں نے استدعا کی ہے کہ عدالت کیس کی پیروی کے لیے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی اجازت دے۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان نے اپنی درخواست میں یہ استدعا بھی کی ہے کہ عدالت نظر بندی ختم کرکے نقل وحرکت کی اجازت دے۔


متعلقہ خبریں