ایران کے خلاف طاقت کا استعمال تباہ کن ہوگا ، پیوٹن کا انتباہ

شنگھائی تعاون تنظیم: روسی صدر کی وزرائے خارجہ سے ویڈیو لنک میٹنگ

ماسکو: روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی طاقت کا استعمال تباہ کن نتائج کا حامل ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کا مؤقف ہے کہ اس نے طاقت کے استعمال کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے لیکن اگر ایسا ہوا تو پورے خطے میں تباہی آئے گی۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے یہ بات گزشتہ روزسرکاری ٹی وی پرعوام الناس کی جانب سے براہ راست پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات میں کہی ہے۔

امریکہ نے ایران سے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پہلے اپنے طیارہ بردار بحری جہاز مشرق وسطیٰ کے سمندروں میں بھیجے تھے جو دفاعی میزائل نظام ’ پیٹریاٹ‘ سے بھی لیس ہیں۔

ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے احکامات دیے اور پھر۔۔۔؟

امریکہ نے بحری جنگی جہازورں پر پہلے مرحلے میں ایک ہزار فوجیوں کو تعینات کیا تھا لیکن ابھی چند دن قبل اس نے مزید ایک ہزار فوجیوں کو مشرق وسطیٰ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں امریکی بحری بیڑوں کی موجودگی اور فوجیوں کی نقل و حرکت سے خطے کے متعدد ممالک سخت تشویش میں مبتلا ہیں اور وہ اس ضمن میں اپنے خدشات کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔

امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے مزید فوجیوں کو بھیجنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو یہ پیغام دینا مقصود ہے کہ ہم نہایت سنجیدہ ہیں اور خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے اور موجود جارحیت کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔


متعلقہ خبریں