صادق آباد کے 320 کلو گرام وزنی نور حسن کیلئےخصوصی وہیل چئیر تیار

آرمی چیف کا 300 کلو وزنی شخص کی مدد کا اعلان

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: صادق آباد سے تعلق رکھنے والے 320 کلو گرام وزنی نور حسن کیلئے لاہور کے اسپتال میں خصوصی وہیل چئیر(پہیوں والی لوہے کی کرسی) تیارکرالی گئی ہے۔

نورحسن کا علاج کرنے والے ڈاکٹر معاذ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ خصوصی وہیل چئیر نور حسن کے جسامت کے مطابق بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نور حسن کے لیے تیار کی گئی خصوصی وہیل چئیر 8 فٹ لمبی اور 6 فٹ چوڑی ہےجبکہ عام وہیل چئیر 2 فٹ چوڑی اور 2.5 فٹ لمبی ہوتی ہے ۔

ڈاکٹر معاذ کے مطابق یہ خصوصی  وہیل چئیر 4 دن کے بعد تیار ہوئی ہے۔ نور حسن کو آپریشن کے وقت  اسی وہیل چئیر پر اسپتال کے مختلف وارڈ وں میں منتقل کیا جائے گا۔

ڈاکٹرکا کہنا تھا کہ نور حسن کی سرجری اگلے جمعے یا سوموار کو کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:آرمی چیف کا 300 کلو وزنی شخص کی مدد کا اعلان

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے رہائشی نورحسن کے علاج کی ذمہ داری آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹھائی تھی۔

نور حسن کی 18جون کو  لاہور منتقلی کیلیے ایئرایمبولینس فراہم کی گئی تھی اور انہیں لاہور کے شالیمار اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

موٹاپے کا شکار نورالحسن کو ایئرایمبولنس میں منتقل کرنے کی خاطر گھر کا گلی میں کھلنے والا دروازہ اور دیوار توڑی گئی اور چارپائی کے ساتھ ہی باندھ کر گھر سے باہر نکالا گیا۔ متاثرہ شخص کو لفٹر کی مدد سے ہیلی کاپٹر تک پہنچایا گیا۔

موقع پر موجود ہم نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینس، اور پولیس کی نفری  بھی اس موقع پر موجود تھی۔


متعلقہ خبریں