لاہور:ریسکیو 1122کو 91فیصد غیر ضروری کالز موصول ہونے کا انکشاف


لاہور: شہریوں کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ رویے اور لاپرواہی کی انتہا ہو گئی ہے، لاہوریوں نے ہنگامی حالات سے نمٹنے والےامدادی ادارے کو ہی مذاق بنا ڈالاہے، ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی ہیلپ لائن (1122)پر چند ماہ میں 91فیصد غیر ضروری کالزموصول ہونےکا انکشاف ہواہے۔

ٹریفک حادثہ ہو ،آگ لگنے کا واقعہ یا کوئی اور ایمرجنسی ہو، چوبیس گھنٹے عوام کی مدد کے لئے تیار ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کو عوام نے تفریح کا ذریعہ بنا لیا ہے۔

ریسکیوترجمان فاروق احمد نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ گزشتہ ساڑھے پانچ ماہ کے دوران ریسکیو کی ہیلپ لائن پر 9 لاکھ پانچ ہزار سات سو کالز کی گئیں جن میں صرف تراسی ہزار چھ سو کالزحقیقی ایمرجنسی پر مبنی تھیں۔

فاروق احمد نے بتایا کہ انہیں  جو کالز موصول ہوتی ہیں ان میں 90 فیصد کالز غیر ضروری ہوتی ہیں۔ اس وجہ سے جنہیں ایمرجنسی کی اشد ضرورت ہوتی ہے انہیں  مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس حوالے سے اہم بات یہ سامنے آئی ہے کہ غیر ضروری کالز مردوں کے بجائے اکثرلڑکیوں یا خواتین کی طرف سے کی جاتی ہیں۔

فاروق احمد کے مطابق  بڑی حیرانگی اور افسوس کی بات ہے کہ غیر ضروری کالز کرنے میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:پنجاب حکومت کا ریسکیو سروسز کیلئے ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ

ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں متاثرین کو فوری اسپتال پہنچانا ہوتا ہے۔ شہری ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بلاوجہ کالز نہ کریں تاکہ ضرورت مندوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔


متعلقہ خبریں