الیکشن کمیشن نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کردیا


الیکشن کمشن خیبرپختونخوا نے قبائلی اضلاع کے انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعلی محمود خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیاہے۔

صوبائی الیکشن کمشن کی طرف سے وزیراعلی کو قبائلیوں کے لئے بلا سود قرضہ اسکیم روکنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کے مطابق 20 جولائی کو سات قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات منعقد ہو رہے ہیں، وزیراعلی سیکرٹریٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قبائلی افراد کے لئے بلا سود قرضے جاری کئے گئے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے کہا گیاہے کہ وزیر اعلی سیکرٹریٹ کی طرف سے کیا گیا یہ اقدام انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمشن نے وزیر اعلی سے فوری طور پر آج ہی وضاحت طلب کی ہے۔

الیکشن کمشن نے خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان کو بھی گزشتہ روز نوٹس جاری کیا ہے جس میں قبائلی ضلع کرم کے دورے میں ترقیاتی اسکیموں کے اعلان پر وضاحت مانگی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: الیکشن کمیشن کا وزیراعظم عمران خان کو نوٹس

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کوانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر  بھی گزشتہ روز نوٹس جاری کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کو نوٹس حلقہ این اے205 گھوٹکی میں ضمنی انتخا ب کے موقع پرپابندی کے باوجود وہاں کا دورہ کرنے کی بنا پر کیا گیا۔

گورنر سندھ ، وفاقی وزیر میاں محمد سومرو اور تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنے گھوٹکی کے دورے کے دوران علی محمد خان مہر کے انتقال پرانکے اہل خاندان سے  تعزیت  کی اور جی ڈی اے کے راہنماؤں سے ملاقات  بھی کی تھی۔


متعلقہ خبریں