یوراج نے عالمی ٹی 20 لیگز کھیلنے کی اجازت طلب کر لی

بھارتی کرکٹ کا بڑا نام پی ایس ایل کھیلنے کو تیار

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے عالمی ٹی 20 لیگز کھیلنے کی اجازت طلب کر لی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ عالمی کرکٹ اور انڈین پریمئر لیگ کھیلنے کے لیے ان پر بہت اعصابی تناؤ رہا ہے، وہ بھارتی کرکٹ بورڈ سے اجازت لے کر مختلف لیگز کھیلنا اور اپنی زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

یوراج سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی مختلف ٹی 20 لیگز میں شرکت کرنے کے اہل ہیں۔

کئی کرکٹ ماہرین یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ اگر سابق بھارتی آل راؤنڈر کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت مل جاتی ہے تو وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی شرکت کر سکتے ہیں۔

اس وقت پی ایس ایل کا شمار دنیائے کرکٹ کی چند بہترین ٹی 20 لیگز میں ہوتا ہے، تاہم ابھی تک کسی بھی بھارتی کھلاڑی نے اس میں شرکت نہیں کی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگرچہ یوراج سنگھ نے باضبطہ طور پر اجازت طلب نہیں کی تاہم  وہ اب آئی پی ایل کا حصہ نہیں ہوں گے تو ان پر کسی بھی دوسری لیگ کھیلنے پر پابندی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی سابق بھارتی کھلاڑی دنیا کی مختلف لیگز میں کھیل رہے ہیں، اگر سہواگ باہر جا کر کھیل سکتے ہیں تو یوراج کے کھیلنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوراج سنگھ ایک ریٹائرڈ کھلاڑی ہیں، بھارتی کرکٹ کے لئے ان کی خدمات بے مثال ہیں جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔


متعلقہ خبریں