عمران، مشرف حکومتوں میں صرف وردی کا فرق، زرداری

پیپلز پارٹی اپنی اصولی سیاست پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی، زرداری|humnews.pk

اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی حکومت میں صرف وردی کا فرق ہے۔

وہ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔

ایک اور صحافی نے ان سے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ن لیگ سے چوٹ کھائی، اب کیا ضمانت ہے کہ وہ درست انداز میں چلیں گے۔

اس کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ہم دونوں نے چوٹ کھائی ہے اور اسی طرح انسان سیکھتا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کو جمہوریت کی قدر نہیں اس لیے ان کے ساتھ بیٹھنا مشکل ہے، جو آسانی سے حکومت میں آئے انہیں اس کی قدر نہیں ہوتی۔

اس سے قبل منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زردرای سے نیب کی جانب سے کی جانے والی تفتیش کے حوالے سے تفصیلات ہم نیوز نے حاصل کرلیں۔

دستاویزات کے مطابق زرداری سے بلاول ہاؤس اور ایوان صدر کے لیٹر پیڈز کے غیر قانونی استعمال پر بھی سوالات کیے گئے۔

نیب نے سابق صدر سے سوال کیا کہ بلاول ہاؤس اور ایوان صدر کے لیٹر پیڈ عبدالغنی مجید کے گھر کیسے پہنچے؟

اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں یہ پیڈ وہاں کیسے پہنچے، ان کے غلط استعمال سے متعلق کچھ معلوم نہیں۔

دوران تفتیش چیئرمین پی پی پی نے غیر ملکی شہری ناصر عبداللہ سے دوستی کا اعتراف کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ میرا فرنٹ مین نہیں، شاید عبدالغنی مجید کا ہے۔

شہر قائد کے علاقے کلفٹن بلاک ٹو میں تعمیر کے لئے غیر قانونی رقوم جاری کرنے پر بھی تفتیش جاری ہے۔

نیب نے کلفٹن میں ایک پلاٹ کی پرانی مالکن شبنم بھٹو کو بھی شامل تفتیش کر لیا۔

دستاویزات میں مزید کہا گیا کہ کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) اور مختلف کمپنیوں سے مانگے گئے ریکارڈ کی روشنی میں مزید تفتیش ہو گی۔


متعلقہ خبریں