لندن: سرفراز کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیو وائرل


لندن: پاکستان کی ورلڈ کپ میں اب کی کارکردگی کے باعث قومی ٹیم کے شائقین شدید غم و غصہ کا شکار ہیں تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک شخص نے لحاظ کی تمام حدیں پار کردیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز اپنے بیٹے عبداللہ کے ساتھ کسی ہوٹل میں موجود ہیں تب ہی ایک شخص آکر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے کہتا ہے کہ آپ حرام جانور جیسے موٹے کیوں ہوگئے ہیں۔

دو سال قبل ملک کے لیے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے سرفراز احمد اس شخص کو تھوڑی دیر کے لیے غصے سے دیکھتے ہیں تاہم جلد اپنی منزل کی جانب بڑھ جاتے ہیں۔

ویڈیو میں وہ شخص مزید کہتا ہے کہ بڑے موٹے ہوگئے ہو، بڑا نام کمایا ہے پاکستان کے لیے۔

بعدازاں ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا کہ حرام جانور جیسے موٹے ہوگئے ہو، ڈائٹ کیا کرو۔

خیال رہے کہ ٹیم کو ہراساں کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ روز قبل کچھ نوجوانوں نے لندن کے ایک مال میں طنزیہ جملے کسے۔

ٹیم ذرائع کے مطابق کھلاڑی سوشل میڈیا اور لوگوں کے اس رویے کی وجہ سے غیر ضروری پریشانی کا شکار ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے اور مطالبہ کیا جارہا ہے کہ متعلقہ شخص کے خلاف کارروائی کی جائے۔


متعلقہ خبریں