عمران خان اتنا ظلم کریں جتنا کل برداشت کر سکیں، بلاول



نواب شاہ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب گردی اورمعیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، عمران خان اتنا ظلم کریں کہ جتنا کل برداشت کرسکیں۔

نواب شاہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس دور میں کوئی آزاد نہیں ہے، نہ صحافت آزاد، نہ ہی کوئی ادارہ، غریب کے گھر کو تحفظ دینے کے بجائے غریبوں کے گھر گرائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کا پانی چوری کیا جارہا ہے، گیس پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، ہمارے اسپتال چھینے جارہے ہیں، ہمیں یہ کٹھ پتلی حکومت منظور نہیں ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کیا نیا پاکستان عوام کے لئے عذاب ہے جس میں کچھ بھی محفوظ نہیں؟

انہوں نے کہا کہ یہ کیا سمجھتے ہیں ہم ڈر جائیں گے؟ ہم بینظیر بھٹو کے جانثار ہیں، ہم آخری سانس تک 1973 کے آئین کی حفاظت کریں گے، ہم 18ویں ترمیم کو ختم نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اکیلا نہیں ہوں، آج سے ہمارا عوامی رابطہ مہم شروع ہو گیا ہے اب ہم پورے ملک میں جائیں گے اور ان کے جھوٹ کو بےنقاب کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ افسوس سےکہنا پڑتا ہے آج جمہوریت کا سورج ڈوب رہا ہے، احتساب کےنام پرایک اورجھوٹ بولاجا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پارٹی  اس بجٹ کو ووٹ دیتی ہے تو اسے حساب دینا پڑے گا۔

بلاول نے کہا کہ حکومت صوبوں کےحقوق ختم کرناچاہتی ہے جبکہ پیپلزپارٹی ان کے راستےمیں رکاوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں لوگ چندہ مانگ کراسپتال بناتےہیں اوراس کی بنیاد پر ووٹ لیتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتےہیں آصف زرداری کوانتقام کانشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے، بزدل لوگ ہی خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ن لیگ کی حکومت آئی تو آپ کے گھر میں بھی خواتین ہیں، آصف زرداری کی حکومت آئی تو وہ بدلہ نہیں لیتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان دعا کریں کہ پیپلز پارٹی کی ہی حکومت آئے، کیونکہ اگر مولانا فضل الرحمان کی حکومت آئی تو آپ کو سنگسارکیا جائے گا۔

بلاول نے کہا کہ عمران خان آپ 70 سال کے بوڑھے اورمیں نوجوان ہوں، شہید بے نظیر کی بیٹی کو آپ نے رلایا، ہم ایک، ایک آنسو کا حساب لیں گے۔


متعلقہ خبریں