سرفراز کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنیوالے شخص نے معافی مانگ لی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کےسامنے انکے  خلاف نازیبازبان استعمال کرنےاور پھر وڈیو بناکر سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر اپلوڈ کرنے والے شخص نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کے بعد پاکستانی کپتان اور شائقین کرکٹ سے معافی مانگ لی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر جاری کئے گئے وڈیو بیان اپنے آپ کو پاکستانی بتانے والے شخص نے سرفراز احمد کے خلاف اپنے رویے کی معافی مانگی ہے۔

اپنے وڈیوبیان میں اس شخص نے کہاہے کہ وہ خود بھی پاکستانی ہے اور اس کا سرفراز احمداور اس کے بیٹے کی وڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا،پتہ نہیں کیسے وہ  وڈیو کلپ اپلوڈ ہوکر وائرل بھی ہوگیا۔

اپنے وڈیو میں اس شخص نے کہا کہ حقیقی بات یہ ہے کہ  اس نے سوچا بھی نہیں تھا  اس وڈیوکا اتنا زیادہ ردعمل آئیگا۔ اس نے کہا کہ  اسے یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ وہ ( سرفراز احمد) حافظ قرآن ہیں۔میں نے وہ وڈیو فوراً ڈیلیٹ کردی تھی ۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے شخص نے اپنے وڈیو بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ  جانتا ہے کہ آپ سب لوگ بہت غصے میں ہیں ،ہوسکے تو اسے معاف کردیجئے گا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اس  شخص نے لحاظ کی تمام حدیں پار کردی تھیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز اپنے بیٹے عبداللہ کے ساتھ کسی ہوٹل میں موجود ہیں تب ہی یہ  شخص آکر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے کہتا ہے کہ آپ حرام جانورجیسے موٹے کیوں ہوگئے ہیں۔

دو سال قبل ملک کے لیے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے سرفراز احمد اس شخص کو تھوڑی دیر کے لیے غصے سے دیکھتے ہیں تاہم جلد اپنی منزل کی جانب بڑھ جاتے ہیں۔

ویڈیو میں وہ شخص مزید کہتا ہے کہ بڑے موٹے ہوگئے ہو، بڑا نام کمایا ہے پاکستان کے لیے۔

بعدازاں ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا کہ حرام جانور جیسے موٹے ہوگئے ہو، ڈائٹ کیا کرو۔

یہ بھی پڑھیے:لندن: سرفراز کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیو وائرل


متعلقہ خبریں