سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست


ساؤتھ پیمپٹن: عالمی کپ 2019 کے 28ویں میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 11 رنز سے شکست دے دی۔

ساؤتھ پیمپٹن کے روز باؤل کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ۔

بھارتی ٹیم افغانستان گیند بازوں کے آگے کھل کر کھیلنے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا سکی۔

اگر افغانستان کی ٹیم بھارت کی جانب سے دیا گیا ہدف عبور کرنے میں کامیاب ہوجاتی تو عالمی کپ 2019 کا یہ سب سے بڑا اپ سیٹ ہوتا۔

بھارت کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی 67، کیردار یادھو 52 اور وجے شنکھر 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور محمد نبی نے دو دو جبکہ مجیب الرحمٰن، آفتاب عالم، راشد خان اور رحمت شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم نے میچ کے آخری اوور تک ٹورنامنٹ فیورٹ بھارت کا مقابلہ کیا تاہم 11 رنز سے اسے شکست ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔

نبی کے علاوہ رحمت شاہ 36، گلبدین نائب نے 27 اور نجیب اللہ زادارن نے 21 رنز بنائے۔

بھارتی گیند باز محمد شامی نے میچ کے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک کرکے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔

انہوں نے محمد نبی، آفتاب عالم اور مجیب الرحمان کو پویلین لوٹایا۔ یہ ورلڈ کپ 2019 میں کسی بھی گیند باز کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک تھی۔

شامی کے علاوہ جسپریت بمرہ، ہاردک پانڈیا، یزوندرا چہال نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں