خود کو بھٹو کا جانشین کہنے والے بچوں کی طرح آنسو بہا رہے تھے، فردوس عاشق

فردوس عاشق اعوان کیخلاف نازیبا الفاظ، مقدمے کیلئے درخواست دائر

فائل فوٹو


وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے گزشتہ شب کیے گئے خطاب پر ردعمل میں کہا ہے کہ ‏خود کو بھٹو کا جانشین کہنے والے بچوں کی طرح آنسو بہا رہے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپنے آنسوؤں کا حساب مانگنے والے سندھ کے غریبوں اور بچوں کے خون کے آنسوؤں اور آہوں کا حساب کب دیں گے؟

انہوں نے کہا کہ سندھ اور لاڑکانہ کے ایڈز میں مبتلا معصوم بچوں کی سسکیاں آپ کو سنائی کیوں نہیں دیتی؟‏صوبہ سندھ کو موئن جو دڑو اور آثار قدیمہ کے کھنڈرات میں تبدیل کرنے والوں کو پاکستان کے عوام نے مسترد کیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے معزز جج کے ریمارکس سندھ حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہیں،‏بلاول صاحب عمران خان پر سیخ پا نہ ہوں۔ آپ کے والد پر مقدمات انہوں نے بنائے جن کے گھر جاکر آپ ضیافتیں اڑاتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ پاکستان میں قانون کے یکساں اطلاق اور عملداری کو یقینی بنا رہے ہیں،‏ابو کی کرپشن بچانے کے لئے آپ کی دھمکیاں اور غصہ ثابت کرتا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ جیت رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:عمران خان اتنا ظلم کریں جتنا کل برداشت کر سکیں، بلاول

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کا نام لیے بغیر مشورہ دیا کہ سندھ میں اپنی حکومت کی کارکردگی پر توجہ دیں،کرپشن سے ناطہ توڑیں ورنہ سندھ تک محدود ہوئی جماعت کو چند اضلاع میں بھی کوئی نہیں پوچھے گا۔


متعلقہ خبریں