وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک بار پھر کرایوں میں اضافے کی خبر دیدی



وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نےایک بار پھر ریلوے کے کرایوں میں اضافے کی خبرسنادی ہے۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہاہے کہ تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے،3 ارب روپےکے اضافی بوجھ  پڑنے کی وجہ سے ریلوے کے کرایوں میں اضافہ کیا جارہاہے تاہم 4۔ 50 کلومیٹر تک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کوئی اضافہ نہیں  ہوگا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بڑی عید تک جو ٹکٹیں خریدی جاچکی ہیں ان میں اضافہ نہیں ہوگا،لوگوں نے شکایت کی ہے زبردستی کھانا رکھ کر 300،400 کا بل پکڑایا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول 117 نیا بنایا جارہا ہے،117 کو ٹریکر کے ساتھ لگائیں گے۔ ٹی ایل اے کے ملازمین مستقل کرنے کے لیے چیرمین کی نگرانی میں ٹیم بیٹھے گی۔

تین جولائی کو وزیراعظم راولپنڈی سٹیشن سے سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے،وزیراعظم کی ہدایت پر سرگودھا ایکسپریس کو میانوالی تک لے کے جائیں گے،میانوالی تک چلنے والی یہ ٹرین ایک ماہ میں شروع ہوگی۔ کراچی میں تین فریٹ ٹرینوں کا ٹارگٹ ہے جو پور ا کرینگے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بڑی مشکل سے ٹی ایل اے ملازمین کی مستقلی ہوئی ہے،ریلوے میں بجٹ نہیں مل رہا تھاکام کرنے کی رفتار وہ نہیں ہے جو ہونا چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی افسر تین سال سے زیادہ اپنی پوسٹ پر تعینات نہیں رہے گا.

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ حیدر آباد میں ہونے والے ریل حادثے کی رپورٹ آگئی ہے جسمیں انسانی غلطی ثابت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ٹرینوں کے کرایوں میں 19 فیصد تک اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے میں حادثات بڑھ نہیں رہے صرف میڈیا دکھا رہا ہے،میرے پاس مسافر ٹرین میں ایک بھی سیٹ نہیں دستیاب نہیں ہے بڑی  عید تک تمام سیٹیں پُر ہوچکی ہیں۔

واضح رہے کہ موجود حکومت نے اس سے قبل گزشتہ برس دسمبر میں بھی  ٹرینوں کے کرایوں میں دس سے 19 فیصد تک اضافہ کر دیاتھا۔ جس کا اطلاق سات دسمبر سے ہوا۔

پاکستان ریلوے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس اور گرین لائن کے ای سی بزنس کے کرائے میں 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ اکانومی کلاس کے کرایوں میں 170 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

کراچی ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، شالیمار، شاہ حسین ایکسپریس کے اے سی سلیپرکرایوں میں 670 روپے، اے سی بزنس میں540 روپے اور اے سی پارلر میں 390 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اے سی اسٹینڈرڈ کے کرائے میں 380 روپے جب کہ اکانومی کے کرائے میں 180 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل کے ای سی سلیپر میں 850 روپے، اے سی بزنس میں 600 روپے، ای سی اسٹینڈرڈ میں 490 روپے اور اکانومی کلاس میں 190 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام کے اے سی سلیپرمیں 890 روپے، اے سی بزنس میں 660 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ میں 530 روپے اور اکانومی کلاس میں 210 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی سی فیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس کے اے سی بزنس میں 540 روپے اور اکانومی میں 160 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ کراچی سے ملتان جانے والی بہاؤالدین ذکریا کے اے سی بزنس میں 480 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ میں 360 روپے اوراکانومی کلاس میں 140 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی سے راولپنڈی جانے والی کراچی ایکسپریس کی اکانومی کلاس میں 250 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ کراچی سے سکھرجانے والی اے سی سلیپرمیں 350 روپے، اے سی بزنس میں 230 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ میں 180 روپے جب کہ اکانومی کلاس میں 80 روپے کا اضافہ کیا گیا ۔


متعلقہ خبریں