بابر اعظم کو میچ جتوانا سیکھنا ہو گا، شاہد آفریدی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں بابر اعظم وہ واحد کھلاڑی ہیں جو تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھا رہے تاہم انہیں ویرات کوہلی، کین ولیمسن اور اسٹیو اسمتھ کی طرح میچ جیتوانا بھی سیکھنا ہو گا۔

سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے ساتھ ویڈیو انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں جتنے بھی کھلاڑی کھیل رہے ہیں وہی اس وقت پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم میں وہی مسائل ہیں جو ہمارے وقت کی ٹیم میں موجود تھے، آج کی کرکٹ بہت بدل چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ابھی بھی پرانے طرز کی کرکٹ کھیل رہا ہے، فیلڈنگ کا معیار بہت ناقص ہے، آج بھی ہم فیلڈنگ اور کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے موجودہ مسائل کے حل سے متعلق سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت کو دیکھیں کہ انہوں نے راہول ڈریوڈ جیسا بڑا اسٹار انڈر 19 کی ٹیم کی کوچنگ کے لئے لگایا ہوا ہے ہمیں بھی چاہئے کہ محمد یوسف اور یونس خان جیسے سابق کھلاڑیوں کو کوچنگ میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ بہت بدل چکی ہے اور اس تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی نئے لوگ آنے چاہئے۔

قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پہلے ان چار میچز کو جیتنے کے حوالے سے سوچ مثبت رکھنی ہو گی، ٹیم کو کھل کر کھیلنا ہو گا اور میچز جیتنے ہوں گے۔

عالمی کپ میں کون سی ٹیمیں سیمی فائنل اور فائنل کھیلیں گی، اس سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ سیمی فائنلز میں نیوزی لینڈ، بھارت ، آسٹریلیا  اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہنچیں گی جبکہ فائنل بھارت اور انگلینڈ کے مابین ہوتا دیکھ رہا ہوں۔


متعلقہ خبریں