سری لنکا کی فتح نے ورلڈ کپ میں نئی جان پھونک دی


گزشتہ روز سری لنکا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست نے ورلڈ کپ میں نئی جان پھونک دی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر نیچے موجود ٹیموں کے لیے امید کی کرن روشن کی ہے۔

خلاف توقع فتح کے بعد سری لنکن ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد چھ میچز کھیلنے کے بعد 6 ہوگئی ہے جبکہ انگلینڈ نے بھی اتنی میچز کھیل کر آٹھ پوائنس حاصل کیے ہیں۔

انگلینڈ کو اب ٹورنامنٹ میں بقیہ تمام میچز ان ٹیموں کے خلاف ہیں جن کی اب تک کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے۔

انگلش ٹیم اب سامنا آسٹریلیا، پھر بھارت اور پھر نیوزی لینڈ سے ہے جن سے میزبان ٹیم 1992 یا 27 سالوں کے دوران کسی بھی ورلڈ کپ میچ میں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

مزید پڑھیں: پوائنٹس ٹیبل: سری لنکا انگلینڈ کو ہراکر پانچویں نمبر پر براجمان

انگلینڈ اس سے قبل پاکستان کے خلاف بھی اپنا میچ ہار چکی ہے۔ اگر مورگن الیون ٹورنامنٹ میں مزید کوئی میچ نہیں جیت پاتی تو ورلڈ کپ سے باہر ہوجائے گی جبکہ سیمی فائنل مرحلے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے اسے دو میچز جیتنے ہوں گے۔

ٹورنامنٹ میں اب تک زیادہ متاثر کن کارکردگی نہ دکھانے والی ٹیمیں جیسے کہ پاکستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے پاس یہاں موقع ہے کہ وہ اس صورت حال سے فائدہ اٹھاکر سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کو روشن بنائیں۔

پاکستان کو اپنے بقیہ تمام چار میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی تب جاکر اس کے پوائنٹس کی تعداد گیارہ ہوگی تاہم گرین شرٹس کا منفی نیٹ رن ریٹ پریشانی کا باعث ہے۔

مزید پڑھیں: ملنگا کا جادو، سری لنکا کی انگلینڈ کیخلاف سنسنی خیز فتح

تاہم ایک چیز پاکستان کے حق یہ میں ضرور جاتی ہے کہ قومی ٹیم کا اب مقابلہ ٹورنامنٹ کی نسبتاً کمزور ٹیموں جیسے جنوبی افریقہ، افغانستان اور بنگلہ دیش سے ہے جبکہ نیوزی لینڈ اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شمار ہوتی ہے، تاہم پاکستان کا ورلڈ کپ میں اس کے خلاف ریکارڈ انتہائی شاندار ہے۔

گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چھ میں اسے کامیابی جبکہ دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی ٹیم کے لیے اب صورت حال آسان ہے: میچ جیتو اور سیمی فائنل تک پہنچنے کے اپنے امکانات روشن کرو۔


متعلقہ خبریں