گالیاں دینا اچھی بات نہیں، کرکٹ پر بات کریں: سرفراز


لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ بھی لکھ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے دل دکھتا ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گالیاں دینا اچھی بات نہیں، کرکٹ پر جو بات کرنا ہے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے کہ ایک دن آپ کو اوپر لے جاتا ہے اور دوسرے دن گرا دیتا ہے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ میں جیسا پہلے تھا ویسا ہی آج بھی ہوں، خود کو زیادہ اونچا نہیں اڑایا تاکہ گروں تو سنبھلنا مشکل نہ ہو، ابھی برا وقت ہے انشاءاللہ ٹل جائے گا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف پاکستان کا بڑے ٹورنامنٹس میں ریکارڈ اچھا ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میچ کے لیے تبدیلیاں ضرور ہوں گی تاہم حتمی گیارہ کا فیصلہ کل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمنئنز ٹرافی 2017 میں بھی جنوبی افریقہ کے میچ سے ہم نے ٹورنامنٹ میں واپسی کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹرز کو کچھ کہا تو وہ پھر ہم کو لتاڑیں گے، ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں ہے اور سب لڑکے پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دینی ہوگی، کل اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جمائی لینا کوئی گناہ تو نہیں، ہوگیا تو ہوگیا۔


متعلقہ خبریں