‘ شریف خاندان میں وراثت کی جنگ چل رہی ہے’


اسلام آباد: سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں وراثت کی جنگ چل رہی ہے، مریم نے آج صاف کہہ دیا کہ پہلے نواز شریف اور میں ہوں باقی سب بعد میں ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ود مالک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز سچ نہیں بول رہی کہ پارٹی میں جموریت ہے اگر ہوتی تو شہباز شریف ان کے ساتھ بیٹھے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ مسلم لیگ ن کو اندرونی انتشار کا بھی سامنا ہے، مریم نواز کی آج کی پریس کانفرنس اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر ایک سخت ردعمل ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مریم نواز نے مسلم لیگ ن پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔

تحقیقاتی کمیشن کے حوالے سے مریم نواز کا رد عمل فطری تھا،  فہد حسین 

مریم نواز کی جانب سے میثاق معیشت کو مزاق معیشت کہنے پر سینئر صحافی فہد حسین نے کہا ہے کہ ان کے اس بیانیے پر میں بھی حیران ہوں، آج جس طرح دو مخلتف بیانیوں کا ٹکراؤ ہوا اس پر کئی سوالات کھڑے ہوتے ہیں کہ اس موقع پر یہ بیان دینے کا مقصد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کے حوالے سے مریم نواز کا ردعمل فطری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی کا جو پریس کانفرنس میں بیانیہ تھا وہ کیا پارٹی کا بھی بیانیہ ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں گورننس کے نام پر خطابات تو بہت ہو رہے ہیں مگر اس ملک میں گورننس نہیں ہو رہی سمجھ نہیں آ رہا کہ اس ملک کو چلا کون رہا ہے۔

بلدیاتی الیکشن میں نواز شریف کا بیانیہ بک گیا تو پی ٹی آئی کو نقصان ہو گا، مظہر عباس

سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا ہے کہ مریم نواز کی پریس کانفرنس میں آج ان کا غصہ دکھائی دے رہا تھا۔ انہیں  پارٹی کی قیادت سے گلہ ہے کہ ان کی جانب سے نواز شریف کو لے کر کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور ان کے حامیوں کو محسوس ہو رہا ہے کہ حکومت  نواز شریف کو کوئی ریلیف نہیں دے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ سے نواز شریف اور مریم نواز کی اپیل خارج ہو جاتی ہے تو ان کے پاس سیاست کے لئے کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سب سے بڑا خدشہ ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں اگر نواز شریف کا بیانیہ بک گیا تو انہیں بہت نقصان ہو گا۔

پیپلز پارٹی پر جے ڈی اے اور ایم کیو ایم کی جانب سے دباؤ کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ عزیر بلوچ کس کی حراست میں ہے اور اس کا بیان کیسے لیک ہوا؟

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جماعتیں جانتی ہیں کہ آصف علی زرداری کے اوپر کیسز سنجیدہ نوعیت کے ہیں جس کا وہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں