زرداری نے کمیشن سے متعلق فیصلہ اے پی سی پر چھوڑ دیا

آصف علی زرداری کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے تحقیقاتی کمیشن سے متعلق فیصلہ کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) پر چھوڑ دیا ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے کا فیصلہ حزب اختلاف کی اے پی سی میں ہوگا، اگر این آر او لینا ہوتا تو بار بار جیل نہ جاتے۔

نیب کی ٹیم کے ہمراہ واپس ہیڈکوارٹر جاتے ہوئے صحافیوں نے قرضوں کی تحقیقات کے لیے قائم کمیشن سے متعلق سوال کیا تو آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کے تشکیل کردہ تحقیقاتی کمیشن کو قبول یا مسترد کرنے کا فیصلہ حزب اختلاف جماعتوں کی اے پی سی میں کیا جائے گا۔

سابق صدر نے اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں گرین شرٹس کی فتح کے لیے دعا بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس:ایوان میں میثاق معیشت کے تذکرے

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نےمیثاق معیشت کیلئے اعلی سطح کی پارلیمانی کمیٹی سے متعلق اسپیکرقومی اسمبلی سے مشاورت کی ہے، میثاق معیشت کمیٹی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

میثاق معیشت کمیٹی بنانے کا مقصد یہ ہے کہ اس کے ذریعے سیاسی جماعتوں کے اہم رہنما ملکی معیشت میں بہتری کے لئے تجاویز دے سکیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پارلیمنٹ میں جمہوری اور اخلاقی اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔

کچھ دیر قبل جمیعت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ 26 جون کو حزب اختلاف کی جماعتوں کی اے پی سی بلائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں