‘قومی ٹیم کو گالیاں نہیں سپورٹ دیں’

'قومی ٹیم کو گالیاں نہیں اسپورٹ دیں'

فائل فوٹو


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنانے اور نازیبا زبان استعمال کرنے کے خلاف کپتان سرفراز احمد کے بعد گلوکارو اداکار علی ظفر بھی میدان میں آگئے ہیں۔

پاکستانی شائقین کرکٹ کے نام جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں گلوکار نے کہا کہ’گرین شرٹس کو سپورٹ کریں اور کھلاڑیوں کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال نہ کیا جائے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ٹیم کا حوصلہ بلند کرنا چاہیے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہمیشہ تعمیری تنقید کرنی چاہیے۔

علی ظفر نے ویڈیو میں کہا کہ بدقسمتی سے شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں اور یہ وہی ٹیم ہے جسے جیت پر سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گالیاں دینا اچھی بات نہیں، کرکٹ پر بات کریں: سرفراز

لندن: سرفراز کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیو وائرل

پاکستانی اداکار نے کہا کہ آج کا میچ اگر ٹیم ہار بھی گئی پھر بھی میں اپنی ٹیم کو اسپورٹ کرتا رہوں گا۔

گزشتہ روز کپتان سرفراز احمد نے بھی کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر کچھ بھی لکھ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے دل دکھتا ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے کہ ایک دن آپ کو اوپر لے جاتا ہے اور دوسرے دن گرا دیتا ہے، آپ کرکٹ پر جو چاہیں بات کریں لیکن  گالیاں دینا اچھی بات نہیں۔

خیال رہے کہ روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد پاکستان شائقین کرکٹ میں غم و غصہ پایا جارہا تھا اور سرفراز احمد کو ہوٹل میں ایک شخص نے ہراساں بھی کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی جس کے مذکورہ شخص نے معافی مانگ لی تھی۔


متعلقہ خبریں