غیر ضروری اپیلوں کے باعث ویرات کوہلی پر جرمانہ عائد


لندن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی پر میچ کے دوران ضرورت سے زیادہ اپیل اور جارحانہ انداز میں امپائر کی جانب بڑھنے کی وجہ سے میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

ساؤتھ ایمپٹن کے میدان میں کھیلے جانے والے عالمی کپ کے بھارت افغانستان میچ کے دوران جسپریت بمرا نے رحمت شاہ کے پیڈ پر گیند ماری، ایل بی ڈبلیو اپیل کے دوران کپتان ویرات کوہلی  امپائر علیم ڈار کی جانب جارحانہ انداز میں آگے بڑھے۔

اس ضمن میں آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کپتان قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، ویرات کوہلی نے اپنی سزا تسلیم کرلی ہے۔

یاد رہے کہ عالمی کپ کے اہم میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دی تھی۔

بھارتی ٹیم کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کے بعد افغانستان نے اپنی اننگز کا اچھا آغاز کیا تاہم وہ مطلوبہ ہدف عبور کرنے میں ناکام رہے۔


متعلقہ خبریں