سعودی عرب:حسن تلاوت قرآن اور اذان کے مقابلے،13ہزار کی شرکت

سعودی عرب:حسن تلاوت قرآن اور اذان کے مقابلے،13ہزار کی شرکت

ریاض: سعودی عرب میں حسن تلاوت قرآن کریم اور اذان کے بین الاقوامی مقابلے میں 162 ممالک سے تعلق رکھنے والے 13 ہزار قرا اور مؤذننین شرکت کریں گے۔ یہ مقابلے سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام منعقد ہوں گے۔ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رواں سال جنوری میں مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔

العربیہ کے مطابق 22 مئی کو شروع ہونےوالی رجسٹریشن کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے جس میں کل 56 ہزار افراد نے اپنی رجسٹریشن کرا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد شرکت کے خواہش مندوں کی سعودی عرب آمد شروع ہوگئی ہے جو 22 جولائی کو مکمل ہوجائے گی۔ دوسرے مرحلے کا آغاز 22 جولائی سے ہوگا جو 23 اگست تک جاری رہے گا۔

خبررساں ویب سائٹ کے مطابق 24 اگست سے 23 ستمبر تک کے درمیانی عرصے میں بہترین قرار دیے جانے والے امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد 25 ستمبر سے 25 اکتوبر کے درمیان کامیاب ہونے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کامیاب امیدواروں میں ایک کروڑ 20 لاکھ سعودی ریال کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے جو 32 لاکھ امریکی ڈالرز کے مساوی ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس مقابلے کا مقصد دنیا میں تلاوت قرآن کریم کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔

حسن تلاوت قرآن پاک کے مقابلے میں اول انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب کو 50 لاکھ ریال، دوسرے کو 20 لاکھ ریال اور تیسرے کو دس لاکھ ریال کی رقم بطور انعام دی جائے گی جب کہ چوتھے نمبر پرآنے والے کو پانچ لاکھ ریال کی رقم  دی جائےگی۔

اذان کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال، دوسرے کو دس لاکھ ریال، تیسرے کو پانچ لاکھ ریال اور چوتھے کو ڈھائی لاکھ  ریال کی رقم بطور انعام دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں