اسٹریٹجک اتحادیوں کے تحفظ کو امریکہ یقینی بنائے گا۔ پومپیو

افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا کب اور کیسے ہوگا؟ مائیک پومپیو نے بتادیا

فائل فوٹو۔–


واشنگٹن: امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے واضح کیا ہے کہ خلیج میں اپنے اسٹریٹجک اتحادیوں کے تحفظ کو امریکہ یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ خطے میں امریکی دوستوں کے درمیان تزویراتی اتحاد کا ثبوت ہو گا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق واشنگٹن سے روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادتوں سے ملاقات کے دوران ہم ایران کے معاملے پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اوریکساں مؤقف اپنانے پر گفتگو کریں گے۔

امریکی خفیہ ایجنسی ’سی آئی اے‘ کے سربراہ رہ چکنے والے مائک پومپیو نے کہا کہ ایران کے خلاف عالمی اتحاد تشکیل دینے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ذرائع ابلاغ کی جانب سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں امریکی سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ  واشنگٹن، ایران کے ساتھ غیر مشروط بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ایرانی بخوبی جانتے ہیں کہ وہ ہم سے کہاں مل سکتے ہیں؟

مائک پومپیو نے کہا کہ اگر ایران بات چیت کے لیے تیار ہو تو ہم با مقصد مذاکرات شروع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے سے قبل بھارت کا سرکاری دورہ کریں گے۔

غیر ملکی دورے پر روانگی سے دو دن قبل مائک پومپیو نے کہا تھا کہ امریکہ ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھاتا رہے گا تاکہ وہ پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ ترک کرے اور سفارتکاری کا راستہ اپنائے ۔ گزشتہ روز انہوں نے واضح کیا تھا کہ وقت آنے پر ہم ایرانیوں کے ساتھ رابطہ کریں گے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔


متعلقہ خبریں