ورلڈ کپ 2019:محمد عامر 5 میچوں میں 15 وکٹیں لے کر سب سے آگے


پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ورلڈکپ میں بھرپورواپسی کی ہے ، پانچ میچوں میں پندرہ وکٹیں لے کر ٹاپ پر ہیں ۔

ورلڈ کپ اسکواڈ میں محمد عامر  کی سلیکشن پر  بھی سوالات اٹھے ۔ ٹیم میں شمولیت کے بعد بیماری آڑے آ گئی اور انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کا ایک میچ بھی نہ کھیل پائے ۔

محمد عامر نے ورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس سے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کر دیا ہے۔ عامر پانچ میچوں میں پندرہ وکٹوں کے ساتھ  بہتر اوسط کے سبب سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالرز کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں ۔

فوٹو بشکریہ کرکٹ ورلڈ کپ آفیشل

انگلینڈ کے جوفرہ آرچر اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کی بھی پندرہ پندرہ وکٹیں ہیں لیکن ان کی اوسط زیادہ ہے تو انہوں نے میچز بھی چھ کھیلے ہیں ۔

عامر کی عمدہ پرفارمنس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے دیگرتمام بالرز نے باون کی اوسط سے اکیس وکٹیں لی ہیں۔

اس سے پہلے محمد عامر نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی ۔ انگلینڈ کے خلاف میچ میں عامر نے دو وکٹیں لیں ۔

پاکستانی لیفٹ آرم فاسٹ بالر محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا ۔یہی نہیں روایتی حریف بھارت اورجنوبی افریقہ کے میچوں میں بالترتیب  تین اور دو وکٹیں لیں ۔

فوٹو بشکریہ کرکٹ ورلڈ کپ آفیشل

محمد عامرکے ون ڈے کیرئیر پر نظر دوڑائی جائے تو انہوں  نےچھپن میچوں میں انتیس کی اوسط سے پچھتر کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ہے ۔

ورلڈکپ سے پہلے محمد عامر سے متعلق کرکٹ ناقدین کی رائے ملی جلی رہی ۔ابتدا میں محمد عامر کو ورلڈکپ اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا تاہم وہ حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ۔

یہ بھی پڑھیے: محمد عامر ورلڈ کپ کے بہترین گیند باز بن گئے

پاکستان کے دورۂ انگلینڈ میں قسمت نے محمد عامر کا ساتھ نہ دیا ۔ خسرہ کی بیماری میں مبتلا ہونے کے باعث انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ۔


متعلقہ خبریں