جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے چلڈرن اسپتال میں ادویات کا بحران


ملتان:مالی سال دو ہزار 19-18 کی آخری سہ ماہی میں بھی ادویات کی خریداری کے لیے ضرورت سے کم فنڈز کا اجرا ہوا ہے ،جس کے باعث جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے چلڈرن اسپتال میں ادویات کا بحران پیدا ہو گیا  ہے ۔

ملتان کے چلڈرن کمپلیکس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 40 سے زائد  ضروری ادویات میسر ہی نہیں ہیں۔ اسپتال میں ایپی وال، زینکٹ، نیورو بیان، لیرس،موویکس سمیت 40 کے قریب ادویات روک دی گئی ہیں۔ 

اسپتال ذرائع کے مطابق مالی سال 2018 19 میں چلڈرن کمپلیکس کو بیس کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ فراہم ہی نہیں کیا گیا۔ اپنے بچوں کو علاج کی غرض سے اسپتال لانے والے والدین ادویات میڈیکل سٹور سے خریدنے پر مجبور ہیں۔ 

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایاہے کہ اسپتال میں ادویات کا بحران حکومت پنجاب کی جانب سے ادویات کے لیے فنڈز نہ دئیے جانے کی وجہ سے پیدا ہوا ہے ۔ 

چلڈرن اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر جواد نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ چلڈرن کمپلیکس ملتان کی اسپتال انتطامیہ عطیات کے ذریعے انتظامات چلانے پر مجبور ہوچکی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیے:خیبر پختونخوا: 1000 میں سے 54 بچے پہلے سال موت کا شکار ہوجاتے ہیں

ملتان کے شہریوں نےہم نیوز کے توسط سے  وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم اور سنگین ترین مسئلے کی جانب توجہ دے کر اسے حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔


متعلقہ خبریں