قطر پاکستان میں 3 ارب قطری ریال کی سرمایہ کاری کرے گا

قطر پاکستان میں 3 ارب قطری ریال کی سرمایہ کاری کرے گا

فائل فوٹو


اسلام آباد: قطر پاکستان میں براہ راست معاشی سرگرمیوں اور جمع شدہ رقم کی صورت میں تین ارب قطری کی سرمایہ کاری کرے گا۔

قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی اشتراک کا حجم نو ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے اس اعلان پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

حفیظ شیخ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ قطر کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری کا عزم دہرانے  پر بھی شیخ تمیم بن حمد الثانی کے مشکور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قطر اور پاکستان کے درمیان تین معاہدوں پر دسخط

سرمایہ کاری کا یہ اعلان امیر قطر کے دورہ پاکستان سے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دورہ پاکستان کے دوران تین معاہدے کیے ہیں۔

سیاحت اور تجارت کی ترقی کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت جبکہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد، خفیہ معلومات کے تبادلے کی یاد داشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

تحریک انصاف کو حکومت میں آنے کے بعد شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایسی صورتحال میں پاکستان کی دوست ممالک نے مدد کی۔

اس سے قبل سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کے لیے بیل آؤٹ پیکجز کا اعلان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں