بھارت: ابھی نندن کی مونچھ کو ’قومی‘ قرار دینے کا مطالبہ

بھارت: ابھی نندن کی مونچھ کو ’قومی‘ قرار دینے کا مطالبہ

نئی دہلی: پاکستان میں اپنا فوجی لڑاکا طیارہ تباہ کرانے کے بعد پاک فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی مونچھوں کو بھارت کی ’قومی مونچھ ‘ قرار دینے کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ مطالبہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کیا ہے۔

ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی حکام کے حوالے

لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ان کی بہادری کے لیے اعزاز دیا جانا چاہیے۔ اعزاز کے حوالے سے انہوں نے تجویز پیش کی ہے کہ ابھی نندن کی مونچھوں کو قومی مونچھ قرار دیا جائے۔

بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے جہاز کو پاکستانی شاہینوں نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر مار گرایا تھا۔ ابھی نندن تباہ ہوتے بھارتی جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے اور زخمی حالت میں ملے تھے۔

پاک فوج اور حکومت پاکستان نے کمال مہربانی کا ثبوت دیتے ہوئے ابھی نندن کا نہ صرف علاج کرایا، انہیں کھانا کھلانے اور چائے پلانے کے علاوہ بہترین قسم کا سوٹ بھی مہیا کیا۔ اسی سوٹ کو پہن کر وہ واہگہ بارڈر تک گئے جہاں انہیں بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے ہیرو ابھی نندن کا اپنے دیس میں بے دلی سےاستقبال

دنیا کی معلوم تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا ’انوکھا‘ ہی واقعہ گردانا جاتا ہے کہ جب دشمن ملک کے فوجی کو فوراً اس کے آبائی  ملک کے حوالے کردیا جائے۔

یہاں یہ امر بھی قابل غور ہے کہ ابھی نندن کسی نیک ارادے سے پاک سرزمین پرداخل نہیں ہوا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ابھی نندن گزشتہ دنوں بہت موضوع بحث بنا تھا جس میں اس کی مونچھوں کا ذکر ضرور ہوتا تھا۔

 


متعلقہ خبریں