مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کی اے پی سی کو کامیاب بنانے کے لیے متحرک


اسلام آباد : جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ  مولانا فضل الرحمان اپوزیشن جماعتوں کی  آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)کامیاب بنانے  کیلئے متحرک ہیں،  اے پی سی کے لیے  جگہ کا حتمی فیصلہ  بھی کر لیا گیا ہے۔

جے یو آئی ف کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاہے کہ آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل  میں ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان نے آج  اپوزیشن جماعتوں کےمختلف رہنماؤں کو ٹیلی فون کرکے انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بھی رابطہ کیاہے ۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ  اسفند یار ولی خان اور محمود خان اچکزئی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں اے پی سی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر میر حاصل خان بزنجوسے ملاقات کرکے انہیں اے پی سی میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمان کا اے پی سی 26 جون کو بلانے کا اعلان

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے  حکومتی اتحادی  سردار اختر جان مینگل سے بھی رابطے کی کوشش کررہے ہیں۔ اختر مینگل کے ملک سے باہر ہونے کے باعث رابطہ نہیں  ہوسکا۔ تاہم مولانا نے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق فیصلہ اور حالیہ بجٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پرغورکیا جائے گا جبکہ اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے دوران حکومت مخالف تحریک اور اے پی سی پر مشاورت کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں