بدعنوانی کے بڑے مقدمات پر کارروائی اولین ترجیح ہے، چیئرمین نیب

چیئرمین نیب کا 5 کروڑ سے زائد کے ٹھیکوں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کا نوٹس

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ان کے ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی آپریشنل، مانیٹرنگ اور ایولوشن کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ نیب بدعنوانی سے متعلق آگاہی کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں 60 پریونشن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔

جسٹس جاوید اقبال نے بتایا کہ یہ کمیٹیاں سرکاری اداروں کے ساتھ مشاورت سے عوامی مسائل کے حل اور شناخت کے لیے کام کر رہی ہیں اور مضاربہ اسکینڈل اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کی رقم واپسی کے لیے بھی تمام ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ’چیئرمین نیب کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنانا سود مند نہیں‘

تین روز قبل نیب نے وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے نیب سے متعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اُن کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ نیب نے فواد چوہدری کے بیان ’’احتساب ہم کر رہے ہیں نیب نہیں‘‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر کا بیان حقائق کے منافی ہے اور ان کے اس بیان سے نیب کا تشخص مجروح ہوا۔

چیئرمین نیب نے  ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر فواد چودھری نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا تھا کہ کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی ان کی حکومت آنے کے بعد شروع ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں