عالمی کپ میں کوئی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بنا سکا


عالمی کپ 2019 میں تمام ٹیمیں تقریباً چھ، چھ میچ کھیل چکی ہیں تاہم اب تک کوئی بھی پاکستانی دس بڑے بلے بازوں کی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکا۔

قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بلے باز بابر اعظم ہیں جنہوں نے پانچ میچز میں 47 کی اوسط سے 232 رنز اسکور کئے۔

عالمی کپ میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں پہلا نمبر بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کا ہے جنہوں نے چھ مچز میں 95 کی اوسط سے 476 رنز بنائے ہیں۔

دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر موجود ہیں جنہوں نے 89 کی اوسط سے 447 رنز بنائے ہیں۔

424 رنز کے ساتھ انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں جن کی رنز بنانے کی اوسط 84 ہے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 232 رنز کے ساتھ 12ویں نمبر پر ہیں۔

عالمی کپ میں گیند بازی کے شعبے کی بات کی جائے تو قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر 15 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

فہرست میں جوفرا آرچر اور مچل اسٹارک کی بھی 15، 15 وکٹیں ہی ہیں تاہم عامر کا اکانومی ریٹ دونوں سے بہتر ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف عامر نے ہاشم آملہ اور کپتان فاف ڈیوپلیسی کو آؤٹ کیا، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں وہ پانچ وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔

شائقین امید کر رہے ہیں کہ عامر کی بولنگ فارم اسی طرح جاری رہے گی اور وہ آنے والے میچز میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں