سلیکٹڈ کہنے والے انہی طریقوں سے اقتدار میں آئے، مراد سعید



اسلام آباد: وزیر مملکت مراد سعید نے کہا کہ بار بار سلیکٹڈ کہنے والے خود انہی طریقوں سے اقتدار میں آئے جبکہ بے نظیر بھٹو نے این آر او کے لیے امریکہ کے پاؤں پکڑ لیے تھے۔

وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے این آر او کے لیے امریکہ کے پاؤں پکڑ لیے تھے کہ مجھے تیسری بار وزیر اعظم بنا دیں، انہوں نے این آر او ملک کے لیے نہیں اپنے لیے کیا تھا۔ جس میں پیپلز پارٹی نے شرائط عائد کی تھیں کہ ان کی قیادت پر مقدمات کو ختم کیا جائے۔ میں ثبوت کے لیے کونڈا لیزا رائس کی کتاب لے کر آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی خدمت کے لیے آئی ہے اور ویسے بھی جمہوریت میں حکمران نہیں عوام کے خادم ہوتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے جس زبان میں بات کی وہ لوگ سمجھ نہیں سکے یہاں تو بلاول بھٹو کو  وزیرستان کے ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز کی بڑی فکر ہے۔

یہ بھی پڑھیں نرالے چور : حساب دینے کے بجائے آنکھیں دکھاتے ہیں ، مراد سعید

مراد سعید نے کہا کہ جب یہ لوگ ڈیل کرلیتے ہیں تو پھر انہیں امریکہ کی بات بھی ماننی پڑتی ہے۔ آصف علی زرداری نے تو سی آئی اے کے ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ان کے ہمراہ حسین حقانی بھی تھے جو آج بھی ملک کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں بار بار سلیکٹڈ کہنے والے خود انہی طریقوں سے اقتدار میں آئے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج پر کل خرجہ 34 کروڑ روپے کا ہوا جبکہ شہباز شریف کے لیے 130 کروڑ روپے کا ہیلی کاپٹر خریدا گیا جو عوام کا پیسہ تھا۔ اس کے برعکس وزیر اعظم عمران خان آج بھی اپنے گھر میں رہتے ہیں جس کے اخراجات وہ خود اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے سندھ کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں سے ایمبولینسز اور اسٹریچرز غائب ہیں، 52 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے جبکہ اسکولوں میں اساتذہ بھی موجود نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد نے سب سے کرپٹ صوبہ سندھ کو قرار دیا جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ ہم نے وزیرستان آپریشن سے متاثرہ لوگوں کے لیے موجودہ بجٹ میں پیسے رکھے ہیں۔ ملک بھر میں جو لوگ سڑکوں پر سوتے تھے ان کے لیے پناہ گاہیں تعمیر کی گئیں جس کا تمام پارلیمنٹیرین دورہ کر سکتے ہیں۔ عمران خان نے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کر کے لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کیں اور ٹنل بنا کر سی پیک کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنا دیا۔

مراد سعید کے خطاب کے دوران حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے پرایوان میں شور شرابہ بھی کیا گیا۔


متعلقہ خبریں