کل جماعتی کانفرنس کی تاریخ پر اختلاف سامنے آ گیا

کل جماعتی کانفرنس کی تاریخ پر اختلاف سامنے آ گیا

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حزب اختلاف کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشورہ ٹھکرا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمن سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ 26 جون کو قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے تحریک التواء پر بحث ہو گی اس لئے اے پی سی 30 جون کو بلائی جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے بھی مسلم لیگ ن کے مؤقف کی تائید کی۔

تاہم مولانا فضل الرحمٰن نے یہ مشورہ ٹھکراتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین کو دعوت نامے ارسال کردیئے گئے اب تاریخ تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی 26 جون کو صبح 11 بجے ہی ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ اے پی سی بجٹ منظوری سے قبل منعقد ہو، ان کا خیال ہے کہ کامیاب کانفرنس بجٹ کی منظوری پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ بجٹ منظوری کے لئے 28 جون کی تاریخ دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حزب اختلاف نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان متفیق نہ ہوئے تو اجلاس 26 کو ہی ہو گا اور اے پی سی میں اپوزیشن رہنما وقفے وقفے سے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں