فضل الرحمان کی حزب اختلاف کو ایک بار پھر مشترکہ استعفوں کی تجویز

حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے، مولانا فضل الرحمان

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الحمان نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے حزب اختلاف کو مشترکہ طور پر مستعٰفی ہونے کی تجویز پیش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ تجویز حزب اختلاف کی قیادت سے حالیہ ملاقاتوں کے دوران پیش کی۔

جے یو آئی (ف) کے امیر اس اقدام کے ذریعے حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں تاہم انہوں نے اس آپشن کو آخری ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا کہا ہے۔

دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس حوالے سے انہیں مشاورت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

پارلیمانی رہنما ایم ایم اے اسعد محمود نے ہم نیوز کو بتایا کہ کل جماعتی کانفرنس کے دوران مولانا کی اس تجویز پر غور کیا جائے گا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس 26 جون کو اسلام آباد میں ہو گی جس میں تمام سیاسی جماعتیں شامل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق سے ایک گھنٹہ طویل مشاورت کی۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سراج الحق نے کسی قسم کی ناراضگی کا اظہار نہیں کیا، اے پی سی کے فورم پر جو فیصلے ہوں گے اس کے بعد ہی ان پر تبصرہ کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں