انگلینڈ کو شکست، پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن


لارڈز: ورلڈکپ 2019 کے 32ویں اور اہم میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے286 رنز ہدف  کے تعاقب میں 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کی شکست سے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔

اوئن مورگن الیون کی جانب سے بین اسٹوکس 89 اور جونی بیراسٹو 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آسٹریلیا کی جانب سے بحرینڈروف نے پانچ جبکہ مچل اسٹارک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر غلط ثابت ہوا۔

آسٹریلیا کے سلامی بلے بازوں نے ٹیم کو 123 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ ایک موقع پر آسٹریلیا نے 173 رنز بنالیے تھے اور اس کی صرف ایک ہی وکٹ گری تھی۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دے دی

کنگروز کی جانب سے کپتان ایرون فنچ سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 53 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں میزبان ٹیم نے میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے وقفے وقفے سے آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین لوٹایا۔

انگلینڈ کی جانب سے کرکس ووکس نے دو جبکہ جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔

جواب میں انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز انتہائی ناقص تھا اور صرف 15 رنز پر جو روٹ اور جیمز ونس پویلین لوٹ گئے۔

کپتان اوئن مورگن اور جونی بیئرسٹو بھی زیادہ مزاحمت نہ کرپائے اور 26 اور 53 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

20ویں اوور کے اختتام پر انگلینڈ نے 93 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کی چار وکٹیں گرچکی تھیں۔

کس کی جیت پاکستان کے حق میں؟

پاکستانی شائقین کو اس میچ میں آسٹریلیا کی فتح کے لیے دعا کرنی چاہیے کیوں کہ انگلینڈ کی ہار سے گرین شرٹس کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔

انگلینڈ کے پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس ہیں اور آسٹریلیا سے شکست کی صورت میں اسے اپنے اگلے دونوں میچز جیتنے ہوں گے جو ٹورنامنٹ فیورٹ بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کل نیوزی لینڈ کے خلاف مدمقابل ہوگا جس کے بعد اس کا مقابلہ افغانستان اور پھر بنگلہ دیش سے ہے۔

گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اپنے تمام میچز جیتنے ہوں گے تاہم میزبان ٹیم کی شکست کی صورت میں اس کے اس حوالے سے امکانات ضرور بڑھ جائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں