امریکہ ایران کشیدگی کم کرنے کیلئے سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس


امریکہ ایران کشیدگی کم  کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا ہے ، اقوام متحدہ نے امریکہ ایران  کشیدگی کے خاتمے کے لئے مذاکرات پر زور دیاہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سلامتی کونسل کی جانب سے مشرق وسطی میں آئل ٹینکرز پرحملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اقوام متحدہ کی طرف سے کہا گیاہے کہ  خلیج اومان میں آئل ٹینکرز پرحملے خطے کی سیکیورٹی کے لئے خطرہ ہیں ۔

اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے سفیر نے سلامتی کونسل کےبند کمرہ  اجلاس سے خطاب میں کہا کہ امریکہ عالمی قوانین کا احترام نہیں کرتا۔  امریکی پابندیوں کے باعث خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے ۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ امریکہ ایران کو دھمکا رہا ہے تو اس سے بات کیسے ہوسکتی ہے۔موجودہ حالات میں امریکہ کے ساتھ مزاکرات ممکن نہیں ہیں۔

ایرانی سفیر نے خطے کے ممالک میں بات چیت کے لیے اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نے کہا ہے کہ ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے معاشی اور سفارتی دباؤجاری رکھیں گے ۔

یہ بھی پڑھیے:ایرانی ڈیل کے آرزو مند ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

عالمی میڈیا کے مطابق امریکہ ایران کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس امریکہ کی درخواست پر طلب کیا گیا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے گزشتہ روز ایک بیان آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آج (پیر) سے ایران پر مزید پابندیاں عائد ہوجائیں گی۔

انہوں نے یہ بات کہتے ہوئے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ ایسے معاہدے تک بھی پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے ذریعے ایرانی معیشت کو سہارا دے سکیں۔

اسٹریٹجک اتحادیوں کے تحفظ کو امریکہ یقینی بنائے گا۔ پومپیو

مؤقر امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی‘ کے معروف پروگرام ’میٹ دی پریس‘ میں جب ان سے استفسار کیا گیا کہ ان کے خیال میں ایران کیا چاہتا ہے؟ تو انہوں نے لمحہ بھر ضائع کیے بغیر کہا کہ ان کے خیال میں ایران مذاکرات کا خواہش مند ہے تاہم ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ڈیل کے آرزو مند ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر واضح کیا کہ ان کی ڈیل جوہری ہوگی جب کہ جوہری ہتھیار حاصل کرنا ایران کے بس میں ہرگز نہیں ہو گا۔


متعلقہ خبریں