سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر 2جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ 



اسلام آباد:اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو دو جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس میں  دو جولائی  کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

عدالت کی طرف سے ملزمان کو ریفرنس کی نقول تقسیم کردی گئی ہیں۔ ملزمان میں یوسف رضا گیلانی اور فاروق اعوان سمیت دیگرافراد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب ریفرنس دائر

یاد رہے کے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی اور دیگر ملزمان پر ریفرنس ستمبر 2018میں دائر کیا گیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یوسف رضا گیلانی پر الزام ہے کہ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر کے طور پر یونیورسل سروسز فنڈ (یو ایس ایف) کی کارکردگی نمایاں کرنے کے لیے میڈیا میں ایک مہم چلانے کا حکم دیا تھا جس کی وجہ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ریفرنس میں دیگر ملزمان میں اس وقت کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد سلیم، یو ایس ایف کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ریاض اشعر صدیقی،  یو ایس ایف کے سابق کمپنی سیکرٹری سید حسن شکوہ اور پبلک ریلیشنز آفیسر آئی ٹی محمد حنیف اوردیگر شامل ہیں۔

نیب ریفرنس میں چیئرمین پیمرا سلیم بیگ کو بھی بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کیا گیا ہے۔

ملزمان پر اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں