عالمی اتحاد کی تشکیل: پومپیو کا دورہ سعودی عرب و ابو ظہبی

عالمی اتحاد کی تشکیل: پومپیو کا دورہ سعودی عرب و ابو ظہبی

ریاض: امریکہ نے آبنائے ہرمز میں میری ٹائم سیکیورٹی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ بات امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے سعودی عرب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزسے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک پیغام میں کہی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان سے ہونے والی ملاقات میں امریکی سیکریٹری خارجہ نے خطے میں بڑھتی کشیدگی، امریکی ڈرون طیارے کی تباہی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تناؤ اور خلیج میں بحری جہازوں کی سیکیورٹی سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خلیج اومان میں آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکروں پر حملے کیے گئے تھے جن کا الزام امریکہ نے ایران پر عائد کیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے لگائے جانے والے الزام کی تائید سعودی عرب اور برطانیہ نے بھی کی لیکن ایران نے اس سے صریحاً انکار کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کی حفاظت سے دستبردار ہونے کی دھمکی

امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے واشنگٹن سے روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا تھا کہ امریکہ، ایران کے ساتھ بات چیت کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تزویراتی طور پر ایک صف میں کھڑے ہونے اور مختلف امور پر مشترکہ مؤقف اختیار سے متعلق بات چیت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک عالمی اتحاد کی تشکیل کے حوالے سے بھی گفتگو کریں گے۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ کے سیکریٹری خارجہ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں ابوظہبی پہنچے ہیں جہاں ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے خلیج میں سلامتی کی صورتحال اور ایران کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں امریکی مشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ ابو ظبی کے دورے کے موقع میں دنیا میں دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملک سے نمٹنے کے لیے ایک عالمی اتحاد تشکیل دینے کے امور پر بات چیت کریں گے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک اتحاد تشکیل دے رہا ہے تا کہ خلیج میں جہاز رانی کے لیے آبی گذرگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔


متعلقہ خبریں