بلوچستان میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام


بلوچستان کے علاقے کوہلو میں لیویز فورس نے تخریب کاری کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیاہے، تخریب کاروں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں  اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیاگیاہے،تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ضلع کوہلو کی تحصیل ماوند کے علاقے لال ونگ میں لیویز فورس نے حساس اداروں کی اطلاع پر کارروائی  کی ۔

تخریب کاروں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیاہے۔

ڈپٹی کمشنر کوہلو عبداللہ کھوسہ نے لیویز لائن میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالستار مینگل اور رسالدار میجر لیویز شیر محمد مری کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ۔

پریس کانفرنس میں انہوں کہا کہ تحصیل ماوند کے علاقے لال ونگ میں حساس اداروں کی اطلاع پر کارروائی کر کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے  تخریبی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔

برآمد ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود میں اینٹی ٹینک مائنز2 عدد ،اینٹی وہیکل مائنز 4عدد،اے پی ایم 1 عدد، ہینڈ گرینڈ 31 عدد اورایس ایم جی روندز 700 عدد شامل ہیں ۔

آر پی جی 7 فیوز12عدد ،آر پی جی گولہ 2 عدد، 82 مارٹر 1 عدد، 75 مارٹر 1 عدد، 75 ایم ایم گولہ 3 عدداور 83 ایم ایم گولہ 1 عددبرآمد ہوئے۔

ڈپٹی کمشنرعبداللہ کھوسہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف لیویز فورس کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کارروائی میں حصہ لینے والے جوانوں کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی سے قبل ہی دہشت  گردٹھکانے سے فرار ہونے میں کا میاب ہوگئے تھے جنکی گرفتاری کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں