شرجیل میمن کراچی سینٹرل جیل سے رہا

شرجیل میمن کی ضمانت میں ایک ہفتہ کی توسیع کر دی گئی

فوٹو: فائل


  1. سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کو کراچی سینٹرل جیل سے رہا کر دیا گیا۔

آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کے مطابق انہیں ملزم کی ضمانت منظور ہونے کے بعد رہائی کے احکامات مل گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شرجیل میمن سندھ اسمبلی کے اجلاس سے جیل آئے اور قانونی کارروائی مکمل کر کے انہیں باہر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے آج محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کی بدعنوانی کے ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی درخواست ضمانت منظورکی تھی۔

عدالت نے ان کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں  جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا ۔

سندھ ہائی کورٹ نے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے اورملزم کو 50 لاکھ روپے کی زرضمانت جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بھی شرجیل میمن کے خلاف وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔ چئیرمین نیب نے شرجیل میمن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ احتساب عدالت کا حکم نامہ بھی معطل کر دیا گیا۔

احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر شرجیل میمن سے جیل میں تحقیقات کی اجازت دی تھی۔

شرجیل میمن کی درخواست کی سماعت جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

اس سے پہلے چیف جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس کے کے آغا نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔


متعلقہ خبریں