مریم نواز کے خلاف مہم چلانے پر وینا ملک مشکل میں پڑ گئیں

مریم نواز کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال، وینا ملک مشکل میں

اسلام آباد: سوشل میڈیا پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف مہم چلانے پر وینا ملک مشکل میں پڑ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وینا ملک کے خلاف مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)   میں درخواست دائر کی گئی ہے، ایف آئی اے کے سائبر کرائم اسلام آباد کی جانب سے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے وینا ملک نے اپنے تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹ سے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی جانب سے نازیبا الفاظ پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ان کی دل آزاری ہوئی ہے۔

مسلم لیگ ن جاپان کے صدر نے ایف آئی اے سے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت وینا ملک کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دائر درخواست میں انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے خلاف الزامات ٹویٹر اکاؤنٹ سے ہٹائے جائیں۔

اس حوالے سے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے جس پر قانون کے مطابق کارروائی کررہے ہیں۔

 

 

 

 

 

 


متعلقہ خبریں