’پاکستانی ٹیم بہت خطرناک ہے‘


برمنگھم: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر مچل سینٹنر نے پاکستانی ٹیم کو ’خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم گرین شرٹس کے خلاف میچ جیت کر سیمی فائنل مرحلے تک رسائی یقینی بنانے کی کوشش کرے گی۔

نیوزی لیند نے اب تک ورلڈ کپ میں چھ میچ کھیل کر گیارہ پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں اور انہیں سیمی فائنل میں جانے کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار ہے۔

کیویز اب تک ٹورنامنٹ میں کسی بھی میچ میں ناکام نہیں ہوئے ہیں اور صرف ایک میچ بارش کی نذر ہوا جس کے باعث اسے اس میچ سے صرف ایک پوائنٹ ملا۔

سینٹنر نے کہا کہ پاکستان کا انگلینڈ میں اچھا ریکارڈ ہے اور دو سال قبل انہوں نے چیمپئنز ٹرافی بھی یہیں جیتی تھی۔

مزید پڑھیں: امید کرتا ہوں کل نیوزی لینڈ کا برا دن ہو، اظہر محمود

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم ہم اس ٹورنامنٹ میں تسلسل کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

کیوی آل راؤنڈر نے پاکستان کے بولنگ اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں اچھے فاسٹ بولرز اور اچھے اسپنرز موجود ہیں اور ہم ان کی خوبیوں سے واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض کی ٹیم میں دوبارہ شمولیت پاکستان کے لیے بہت اچھی رہی ہے۔

پاکستان کی غیر مستقل مزاجی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پاکستانی ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو یہ بہت اچھا ہوتا ہے تاہم ہمیں انہیں قابو کرنے کے طریقے ڈھونڈنے ہوں گے۔

انہوں نے کپتان کین ولیم سن کو پاکستان کے خلاف میچ کے لیے اہم کھلاڑی قرار دیا۔


متعلقہ خبریں