بلوچستان: پولیس لائن پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید

بلوچستان: پولیس لائن پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید

فوٹو: ہم نیوز


لورالائی: بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس لائن پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اورپانچ زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

شہید حوالدار اللہ نواز ولد محمد نواز کا تعلق ڈی جی خان سے ہے اور وہ ہیڈ محرر تعینات تھا جب کہ زخمیوں میں ایک خاتون پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دو دہشتگردوں نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا اور ایک کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کیا۔

پولیس کے مطابق بدھ کی صبح نامعلوم مسلح دہشت گرد پولیس لائن کے مین گیٹ سے حملہ آور ہوئے جن میں سے ایک کو داخل ہوتے ہی فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔

شہید حوالدار اللہ نواز ولد محمد نواز

دوسرے دہشتگرد نے لائن کے اندر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ تیسرے نے گیٹ کے قریب خود کش حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس لائن میں فائرنگ اور دھماکے کے آواز بھی سنی گئی۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تمام داخلے اور خارجی راستے مسدود کر دیے ہیں جبکہ پولیس کی مزید نفری بھی پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:بلوچستان میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام

ضلع کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ چھٹیوں پر گئے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق تین  دہشتگردوں نے لورالائی پولیس لائن پرحملے کی کوشش کی جسے بروقت جوابی کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک خودکش حملہ آور کو پولیس گارڈ نے موقع پرہلاک کردیا اور دو حملہ آور پولیس لائن میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ایف سی اورپولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد نے خود کو ادھماکے سے اڑالیا جب کہ تیسرے دہشتگرد کو سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ سے ہلاک کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقابلے کے دوران ہیڈکانسٹیل اللہ نواز نے جام شہادت نوش کیا اور دو کانسٹیبل زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پولیس کمپاؤنڈ میں سرچ آپریشن کر کے اسے کلیئر قرار دے دیا گیا۔


متعلقہ خبریں