بلاول کا آج پھر محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےآج ایک بار پھرقومی اسمبلی میں  محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ایوان  میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمان کا سپرمیسی کا سوال ہے۔ محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرکے ایوان کو مکمل کیا جائے ۔ دونوں ارکان ایوان میں نہ آئے تو یہ پیغام جائیگا کہ پارلیمان آزاد نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا اسپیکراور پی ٹی آئی اراکین سے اپیل کی وہ بھی اس مطالبے کی حمایت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت ،حق اور انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ کے ضمیر کی بھی یہی آواز ہوگی ۔ آپ بھی چاہتے ہونگے کہ ایوان مکمل ہو

بلاول بھٹو نے اپیل کی کہ ہر جمہوریت پسند دو اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبے کا ساتھ  دیں۔

یہ بھی پڑھیے: قومی اسمبلی، ٹیکس ریونیو میں اضافے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں، حماد اظہر

انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ 2ارکان بجٹ سیشن میں اپنے علاقے کی محرومیوں کی آواز نہ اٹھا سکے ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ نئے پاکستان میں بھی اسپیکر کا کردار بہت اہم ہے۔ہم سب اس ایوان کے رکن ہیں۔ آپ کل یہاں ہم وہاں ہوں گے۔ ہمیں بنیادی اصولوں پر قائم رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ  اس معاملے میں آپ انکے ساتھ ہیں۔ وزیر انسانی حقوق  بھی انکے ساتھ ہیں ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہوں، اپنے ضمیر کے ساتھ کھڑے ہوں۔علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر فوری جاری کیئے جائیں۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اس پر کہا کہ اس حوالے سے پہلے بھی ایوان میں بات ہوچکی ہے اور وزارت قانون سے رائے بھی مانگی گئی ہے ۔ وزارت قانون کی رائے کے بعد اس مطالبے پر عملدرآمد کیا جائیگا۔

پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نےکہا کہ آج بجٹ پر ووٹنگ ہونا ہے اور ایوان مکمل نہیں ہے ۔ آج ہم جو بات بھی کرینگے بطور احتجاج کرینگے۔

سید نوید قمر نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ قرضوں کی واپسی کے حوالے سے 42کھرب روپے کے اعداد وشمار بتائے گئے ہیں ۔ یہ انتہائی خطرناک بات ہے، یہ رقم بڑھتی جائیگی۔  حکومت بھی اپنانظام قرض لیکر چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس حوالے سے غور کرناہوگا۔ پارلیمان کو ہر معاملے میں اعتماد میں لینا ہوگا۔


متعلقہ خبریں