آصف زرداری کو قومی اسمبلی کی تین قائمہ کمیٹیوں کا رکن نامزد کردیا گیا

خوشحال کسان زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں، آصف زرداری

فوٹو: فائل


قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیر حراست سابق صدر آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی کی تین قائمہ کمیٹیوں کا رکن نامزد کردیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

آصف علی زرداری قائمہ کمیٹی برائے  کامرس اینڈ ٹیکسٹائل اور آبی وسائل کمیٹی میں میر منور تالپور کی جگہ رکن ہونگے۔

قائمہ کمیٹی برائے انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن میں سید مصطفیٰ محمود کی جگہ آصف علی زرداری کو شامل کیا گیاہے۔ آصف زرداری اب قائمہ کمیٹیوں میں پروڈکشن آرڈر کے ذریعے بھی شرکت کرسکیں گے۔

قائمہ کمیٹی کے چیئرمین زیر حراست رکن کو اجلاس میں طلب کرنے کے لئے پروڈکشن آرڈر جاری کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ آصف زرداری کو جن قائمہ کمیٹیوں کا رکن نامزد کیا گیا ہے ان کے چیئرمینوں کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے۔

سید نوید قمر قائمہ کمیٹی برائے کامرس اینڈ ٹیکسٹائل، نواب یوسف تالپور قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل اور ساجد طوری انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن کے چیئرمین ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بلاول کا آج پھر محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

قومی اسمبلی کا اجلاس نہ ہونے کی صورت میں آصف زرداری کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت کرسکیں گے۔

یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شمالی وزیرستان کے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور جنوبی وزیرستان کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ دہرا رہے ہیں مگر تاحال انکے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوسکے۔


متعلقہ خبریں