پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کا امکان

آئی ایم ایف ماہرین کی پاکستان آمد، حکام سے ٹیکس پالیسی پر مشاورت ہوگی

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان پانچ جولائی کو معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس 3 جولائی کو منعقد ہو رہا ہے جس میں پاکستان کے ساتھ  طے ہونے والے معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ ایگزیکٹیوبورڈ سے معاہدے کی منظوری کے بعد 5 جولائی کو اسلام آباد میں بھی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

یاد رہے گزشتہ ماہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے آئی ایم ایف کے ساتھ 6 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو 6 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج دینے کیلیے رضامندی ظاہر کر دی ہے جس کی ادائیگی 39 ماہ میں کرنی ہو گی۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ تین سال میں پاکستان کو6 ارب ڈالر دے گا۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ  بجلی صرف 300 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والوں کیلیے مہنگی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اصلاحات کرنے میں کامیاب ہوگئی تو یہ آئی ایم ایف کا آخری پیکج ہو گا۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہو گی کہ عام آدمی کی زندگی پر فرق نہ پڑے، مہنگائی صرف کچھ معاملات میں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا بورڈ معاہدے کی حتمی منظوری دے گا۔


متعلقہ خبریں