عالمی کپ 2019:سیمی فائنل میں کون سی ٹیمیں پہنچ پائیں گی؟


عالمی کپ 2019کے سیمی فائنل میں کون کون سی ٹیم پہنچ پائے گئی اور ٹیم پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کیونکر ممکن ہوگی یہ سوال شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں موجود ہے اور ہر کوئی جاننے کا خواہاں بھی ہے۔

نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان کی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید تو بڑھ گئی ہے تاہم اگلے مرحلے تک رسائی کے لئے قومی ٹیم کو اپنے باقی دونوں میچز واضح مارجن سےجیتنا ہوں گے۔

آسٹریلیا عالمی کپ 2019کے میلے میں واحد ٹیم ہے جوسیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہےاور پاکستان سے شکست کھانے والی نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات  بھی روشن ہیں ۔

بھارت کو بھی اگلے مرحلے میں جانے کے لیے کم از کم ایک میچ جیتنا ہو گا ، جبکہ انگلینڈ ، کے لیے دو میچز میں کامیابی ضروری ہے۔

سری لنکا اور بنگلہ دیش کی امیدیں بھی قائم ہیں تاہم ویسٹ انڈیز،جنوبی افریقہ اورافغانستان کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبرپر آ گئی ہے۔ قومی ٹیم کے افغانستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ دو میچ باقی ہیں اور سیمی فائنل کھیلنے کے لیے اسےیہ دونوں میچ جیتنا ہر حال میں لازم ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا بارہ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن چکی ہے ۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم گیارہ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ، بھارت نو ، پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔بھارت کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے ایک میچ جیتنا ہی کافی ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے: عالمی کپ: آج بھارت کی ٹیم ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کریگی

انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، اس کے دو میچ نیوزی لینڈ اور بھارت  جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف  باقی ہیں۔سیمی فائنل تک رسائی کے لیےانگلش ٹیم کو دونوں میچ جیتنا ہوں گے ۔

اسی طرف سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی سییمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے اپنے تمام میچز جیتنا ہوں گے۔


متعلقہ خبریں