ممتاز ٹی وی آرٹسٹ ذہین طاہرہ کے بیٹے کو بھی ’تردید‘ کرنا پڑگئی

ممتاز ٹی وی آرٹسٹ ذہین طاہرہ کے بیٹے کو بھی ’تردید‘ کرنا پڑگئی

اسلام آباد: پاکستان کے نامور گلوکار عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی، ممتاز بزرگ اداکار مرزا شاہی اور اردو کے معروف بھارتی شاعر منور رانا سمیت چند دیگر کے بعد پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ ذہین طاہرہ کے صاحبزادے کامران خان کو بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ’وائرل‘ ہونے والی اس ’افواہ‘ کی تردید کرنا پڑی ہے جس میں ان کی والدہ کے متعلق ’جھوٹی‘ اطلاع دی گئی ہے۔

عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے متعلق تمام افواہوں کی تردید کردی

کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج سینئر اداکارہ کے متعلق ان کے صاحبزادے کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت میں کافی بہتری آئی ہے اور غالب امکان ہے کہ انہیں شام تک وینٹی لیٹر سے بھی ہٹا دیا جائے گا۔

’خدا کی بستی‘ سے اپنی شناخت بنانے والی ذہین طاہرہ کو چند دن قبل دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کے پیش نظر وینٹی لیٹر پہ منتقل کیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گزشتہ روز سے ذہین طاہرہ کے متعلق ’افواہیں‘ زیر گردش رہی ہیں جس کی اب ان کے صاحبزادے کامران خان نے باقاعدہ تردید کی ہے۔

معروف اداکارہ ذہین طاہرہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل

اس امر کو افسوسناک ہی کہا جائے گا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ طریقہ اپنا لیا گیا ہے کہ اچھے بھلے جیتے جاگتے افراد کے متعلق جھوٹی اورمن گھڑت خبریں شیئر کردی جاتی ہیں جس کی تردید ان افراد کو کرنا پڑتی ہے جو اللہ کے فضل و کرم سے ’زندہ‘ ہوتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اب تک عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی، مرزا شاہی اور منور رانا سمیت متعدد دیگر اہم شخصیات کو اس تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ انہیں خود اپنے انتقال کی تردید کرنا پڑی ہے جو انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔

 


متعلقہ خبریں