شہباز شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ کی ضمانت منظور


لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ سے متعلق انکوائری میں شہبازشریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے مشتاق چینی کی درخواست ضمانت 5،5لاکھ روپے کے 2مچلکوں کے عوض  منظور کر لی۔

جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بنچ نےمشتاق چینی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

مشتاق چینی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے کرپشن الزامات کے تحت انکے مؤکل کو گرفتار کیا گیا،حمزہ اور سلمان شہباز کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن کر بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔

درخواست گزارمشتاق چینی کے وکیل نے کہا کہ ان کے مؤکل نے اپنے بیان میں رقوم ٹرانسفر کرنے کے تمام حقائق بیان کردئیے ہیں لہذا درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

یہ بھی پڑھیے: شہباز شریف خاندان کا مبینہ فرنٹ مین وعدہ معاف گواہ بن گیا

عدالت نے مشتاق چینی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔

15جون کو خبر آئی تھی کہ مشتاق چینی نے نیب کو دو نجی بنکوں کے ذریعے 37 ٹرانزیکشن سے متعلق نیب کو ریکارڈ فراہم کردیاہے۔

مشتاق چینی نے تسلیم کرلیا ہے کہ 2 بنکس اکاؤنٹس کے ذریعے 50 کروڑ 44 لاکھ 4 ہزار 899 روپے کی غیر ملکی ترسیلات موصول ہوئیں۔  سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں 60 کروڑ 30 لاکھ 54،ہزار بذریعہ چیکس منتقل کیے۔

مشتاق چینی نے نیب کو 6 کروڑ 10 لاکھ 27 ہزار 612 روپے کی غیر ملکی ترسیلات کے بارے میں بھی بتا دیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق دوران تفتیش مشتاق چینی کے مختلف بنکوں میں 23 بنکس اکاونٹ سامنے آئے،23 بنک اکاؤنٹس میں سینکڑوں مشکوک ٹرانزیکشن ہوچکی ہیں جو اربوں روپے کی ہیں۔

مشتاق چینی نے اپنے اور کمپنی کے نام پر یہ اکاؤنٹس بنا رکھے تھے۔مشتاق چینی نہ صرف سہولت کار بلکہ شریف فیملی کا بے نامی دار بھی ہے ،  مشتاق چینی نے 9 غیر ملکی کرنسی کی مشکوک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بھی نیب کو فراہم کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان 9 ٹرانزیکشن کے ذریعے 6 کروڑ 10 لاکھ 27 ہزار 612 روپے منتقل ہوئے،مشتاق چینی کو 12 جنوری 2009 تک تواتر سے غیر ملکی ترسیلات موصول ہوتی رہیں۔

یادرہے8اپریل کو شریف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین محمد مشتاق چینی کو  لاہور ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ۔ محمد مشتاق کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا ۔


متعلقہ خبریں