ہشیار: یوٹیلیٹی اسٹورز پر 50 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں


اسلام آباد: یوٹیلٹی اسٹورز سے استفادہ کرنے والے ہوشیار ہوجائیں کیونکہ وہاں 50 سے زائد اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرد یا گیا ہے ۔ جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ان میں معروف ’برانڈ‘ کی مصنوعات بھی شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق چینی کی قیمت میں فی کلو تین روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد وہ 72 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جب کہ اس سے قبل چینی کی قیمت 69 روپے فی کلو تھی۔

چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سابق وفاقی وزیر خزانہ اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے بھی قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنی ہی حکومت پرسخت نکتہ چینی کی تھی۔ انہوں نے اس ضمن میں یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ چینی کی قمیتوں میں ہونے والے اضافے کی تحقیقات بھی کی جائیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کے علاوہ عام دکانوں پر اس وقت چینی 75 سے 80 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے اور اس کا جوازدکاندار بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قرار دے رہے ہیں جب کہ کچھ اضافے کی وجہ ’ڈالر‘ کی نہ تھم سکنے والی ’پرواز‘ کو بتاتے ہیں۔

۔۔۔ لیکن کسی دکاندار کے پاس بھی اس کا کوئی جواب نہیں ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بڑھتی ہوئی ’بے قدری‘ کا آلو، گوبھی، آم، چینی، چاول، آٹا، سموسہ، پکوڑا، ڈبل روٹی، سرسوں کے تیل، انڈے، آڑو، آلو بخارہ، خوبانی، دھنیا، ہری مرچ اور پھول گوبھی کی قیمتوں میں اضافے سے کیا تعلق ہے؟

پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں ہر قسم کا اجناس وافر مقدار میں پیدا ہوتا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ غلط حکمت عملیوں کے سبب عوام الناس کو سب سے زیادہ تکلیف غذائی اجناس کے حصول ہی میں سہنا پڑتی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب اشیا کی قیمتوں میں جو اضافہ کیا گیا ہے وہ 20 روپے تک کا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق صابن، شیمپو، باڈی واش، ہینڈ واش، کپڑے دھونے کے پاؤڈر سمیت مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس سے براہ راست عوام متاثر ہورہے ہیں۔


متعلقہ خبریں